اشوریہ
وکیپیڈیا سے
Assyria
تقریباً دو ہزار سال قبل مسیح ، شمالی عراق میں دریائے دجلہ و فرات کے درمیان ۔ فروغ پانے والی ایک قدیم تہذیب و سلطنت جو اپنے دور عروج میں مصر ، شام، لبنان ، آرمینیا ، ایلم (جنوب مغربی ایران) اور بابل تک پھیلی ہوئی تھی۔ ابتداء میں اس کا دارالسطنت شہراشور (موجود قلعہ شرغتہ ، جو موسل سے 55 میل جنوب میں واقع ہے) تھا۔ اسی کے نام پر اسی سلطنت کا نام اشوریہ پڑا۔ بعد میں اشوری فرماں رواؤں نے شہر نینوا کو دارالسطنت بنایا اور وہاں عظیم الشان محل، معابد اور دیگر عمارات تعمیر کیں۔
شاہ اشور بنی پال کی وفات کے بعد سلطنت کے بعد سلطنت اشوریہ کا زوال شروع ہوا اور 612 ق م میں اہل بابل نے نینوا پر قبضہ کرکے اشوری سلطنت کا خاتمہ کر دیا۔ صرف اس کا نام اسیریا (اشوریہ ) یونانی لفظ (سیریا) کی شکل میں باقی رہا۔ جواب شرق اوسط کے ایک جدید ملک (شام ) کا نام ہے۔
اشوریوں کے مذہبی عقائد قدیم سومیری اور بابلی عقائد سے ماخوذ تھے اور ان کا سب سے بڑا دیوتا اشور تھا۔ جس کا سر گدھ کا اور جسم انسان کا تھا۔ اشوری علوم و فنون کے دل دادہ تھے۔ نینوا کی کھدائی سے جن عمارتوںکے کھنڈر دریافت ہوئے ہیں وہ ان کی عظمت کے گواہ ہیں۔ شاہ اشور بنی پال کے شاہی کتب خانے میں مذہب ، تاریخ، جغرافیہ اور دیگر موضوعات پر چالیس ہزار کتابیں تھیں۔ یہ کچی مٹی کی تختیوں پر لکھی گئی تھیں۔