بنو عدنان
وکیپیڈیا سے
حضرت اسماعیل علیہ السلام کے ایک بیٹے قیدار کی اولاد میں ایک شخص عدنان ہوئے ہیں۔ ان کی اولاد بنو عدنان کہلائی۔ عدنان کے بیٹے کا نام معد اور پوتے کا نام نزار تھا۔ اس لیے آل عدنان کو معدی اور نزاری بھی کہتے ہیں۔ نزار کے ایک بیٹے مضر کی اولاد میں فہر بن مالک تھے۔ جن کو قریش بھی کہتےتھے۔ یہ خاندان قریش کے جداعلیٰ ہیں۔ان کی اولاد میں بنی سہم ، بنی مخزوم ، بنی عدی ، بنی عبدالدار ، بنی زہرہ ، اور بنی عبدمناف زیادہ مشہور قبیلے ہیں۔
عبدمناف کے بیٹے ہاشم نبی کریم صلم کے دادا عبدالمطلب کے والد تھے۔ جن کی نسبت سے رسول اللہ کا خاندان ہاشمی کہلاتا ہے۔ عبدمناف کے والد قصی نے پانچویں صدی عیسوی میں قریش کے قبائل کو متحد کرکے مکہ معظمہ بلکہ سارے حجاز پر اقتدار حاصل کر لیا۔ خانہ کعبہ کی تولیت بھی اسی خاندان سے منتقل ہوگئی ۔ جس کے باعث یہ خاندان سارے عرب میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا۔ رسول کریم کی ولادت با سعادت نے بنو عدنان کووہ شرف بخشا کہ دنیا کا کوئی خاندان ان کا ہم پایہ نہیں ہو سکتا۔