تابعین
وکیپیڈیا سے
تابعی کی جمع۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک حدیث ہے۔ ترجمہ: بہترین زمانہ میرا ہے پھر ان لوگوں کا جو اُن سے متصل ہوں گے۔ پھر ان لوگوں کا جو ان سے متصل ہوں گے۔ اس حدیث کے مطابق ان لوگوں کو تین درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
1۔ صحابہ جن کو رسول اللہ کے ساتھ رہنے کے مواقع میسر آئے اور خود رسول اللہ کی زبان سے آپ کے اقوال سنے اور افعال دیکھے۔
2۔ تابعین یعنی وہ بزرگ جن کو رسول اللہ سے فیض صحبت تو نصیب نہ ہوا لیکن انھوں نے صحابہ کرام کا زمانہ پایا۔ اور ان سے رسول اللہ کے اقوال و افعال کو سنا۔ ان میں بعض تابعین ایسے بھی ہیں جو رسول اللہ کی زندگی میں یا تو بوجہ کمسنی آنحضرت کو نہ دیکھ سکے یا دوردراز فاصلے کی وجہ سے آپ سے ملاقات نہ کر سکے۔
3۔ تبع تابعین وہ بزرگ جنھوں نے تابعین کا شرف زیارت حاصل کیا اور ان کی صحبت سے فیضیاب ہوئے۔ بالفاظ دیگر تبع تابعین صحابہ کی تیسری کڑی ہیں۔ رسول اللہ کی احادیث ان لوگوں کے واسطے سے ہم تک پہنچی ہیں۔ ان کی جانچ پڑتال کے لیے مسلمانوں نے فن اسماء الرجال بنایا جس میں ان کے حالات محفوظ ہیں، اور اس سے ان کی حیثیت اور سند حدیث کا اندازہ ہو سکتا ہے