ملک امیر محمد خان
وکیپیڈیا سے
پیدائش: 1910ء
انتقال:1967ء
نواب آف کالا باغ ۔ 20 جون 1910 کو کالا باغ میں پیدا ہوئے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم پائی۔ ان کا شمار ملک کے بڑے جاگیرداروں میں ہوتا تھا۔ انھوں نے زرعی پیدوار بڑھانے کے سلسلے میں کاشت کاری کے جدید طریقوں اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی تعلیم سے فائدہ اٹھایا۔ 1958ء کے مارشل لاء کے بعد جب ملک میں زرعی اصلاحات نافذ ہوئیں تو انھوں نے کالا باغ کی زرعی جائداد میں سے بائیس ہزار ایکڑ سے زیادہ زمین زرعی کمیشن کے سپرد کر دی۔ مارشل لا سے پہلے کی قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے رکن تھے۔ سابق حکومتوں کی طرف سے دوبار عہدوں کی پیش کش ہوئی ۔ ایک دفعہ مرکزی وزارت اور دوسری دفعہ صوبائی گورنری ۔ لیکن انھوں نے قبول نہ کی۔ 9 دسمبر 1958ء کو پی آئی ڈی سی کے صدر مقرر ہوئے ۔ یکم جون 1960ء کو صدر ایوب خان نے انھیں مغربی پاکستان کا گورنر مقرر کیا۔ ستمبر 1966ء میں مستعفی ہوئے۔ اس سے اگلے سال اپنے آبائی وطن میں قتل کر دیے گئے۔