خواجہ ابو یوسف
وکیپیڈیا سے
حضرت خواجہ ابویوسف چشتی رحمۃ اللہ علیہ
( متوفی: 459ھ)
آپ رحمۃ اللہ علیہ حضرت خواجہ ابو محمد چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے بھانجے، مرید اور خلیفہ تھے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کی والدہ ماجدہ خواجہ ابو محمد رحمۃ اللہ علیہ کی ہمشیرۂ مکرمہ بھی ولیہ کامل تھیں ہمیشہ عبادت و ریاضت میں رہتیں۔ چالیس برس کی عمر تک شادی کو تیار نہ تھیں لیکن ایک دن والد ماجد خواجہ ابو احمد رحمۃ اللہ علیہ کو خواب میں دیکھا کہ فرماتے ہیں اس شہر میں ایک سید زادہ محمد سمعان رحمۃ اللہ علیہ ہے تمہارے مقدر میں لکھا ہے کہ وہ تمہارا شوہر بنے گا اور ایک لڑکا پیدا ہوگا جس کے نور ولایت سے ہمارا خاندان روشن ہوگا۔ دوسری طرف ایسا ہی خواب خواجہ ابو محمد رحمۃ اللہ علیہ نے بھی دیکھا۔ چنانچہ صبح شہر بھر میں اس سید زادے کی تلاش کرائی گئی۔ جب اس سید زادے کو لایا گیا تو بی بی کا نکاح سید زادے سے پڑھا دیا گیا۔ بی بی بھی چونکہ واقف حال تھیں معترض نہ ہوئیں۔ اس بی بی کے بطن سے خواجہ ابو یوسف رحمۃ اللہ علیہ پیدا ہوئے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کا نسب پاک یوں ہے:
سید ابو یوسف رحمۃ اللہ علیہ چشتی بن سید محمد سمعان رحمۃ اللہ علیہ بن سید ابراہیم رحمۃ اللہ علیہ بن سید محمدرحمۃ اللہ علیہ بن سید حسینؒ بن سید عبداللہؒ علی اکبر بن سید امام حسن ؒاصغر بن سیدامام علی تقی علیہ السلام بن سید امام نقی علیہ السلام بن سید امام علی الرضا علیہ السلام بن سید امام موسیٰ کاظم علیہ السلام بن سید امام جعفرصادق علیہ السلام بن سید امام محمد باقر علیہ السلام بن سید امام زین العابدین علیہ السلام بن سید امام حسین علیہ السلام۔
آپ اپنے ماموں خواجہ ابو محمد رحمۃ اللہ علیہ چشتی کے زیر تربیت رہے۔ آپ کی عمر چھتیس سال کی تھی جب آپ رحمۃ اللہ علیہ کے ماموں کا انتقال ہوا اور آپ رحمۃ اللہ علیہ ان کی جگہ مسند افروز ہوئے۔ پچاس سال کی عمر میں آپ رحمۃ اللہ علیہ حضرت خواجہ ابو اسحق شامی رحمۃ اللہ علیہ کے ایک خلیفہ خواجہ حاجی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار کے قریب ایک تہہ خانہ بنوا کر اس میں معتکف ہو گئے آپ تقریباً بارہ سال تک یہاں معتکف رہے۔ آپ کی وفات سوم ماہ رجب المرجب 459ھ کو ہوئی۔
[ترمیم] حوالہ جات
( خزینۃ الاصفیاء: مفتی غلام سرور لاہوری رحمۃ اللہ علیہ )
زمرہ جات: تصوف | صوفیاء | سلاسل تصوف | چشتیہ | مشائخ چشت | سوانح حیات | تذکرے