لوک ورثہ
وکیپیڈیا سے
لوک ورثہ میوزیم اسلام آباد پاکستان کا ثقافتی خزانہ ہے۔ یہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں شکرپڑیاں کی سیر گاہ کے ساتھ واقع ہے۔ دیس پاکستان کے تمام علاقوں سے رہنے سہنے سے متعلقہ تمام چیزیں یہاں بہترین طریقے سے نمائش کردی گئی ہیں۔ پاکستانی قوم کی رہتل میں صدیوں سے موجود حسن اور زندگی کے جوش کو یہاں پیش کر دیا گیا ہے۔
لوک ورثہ کو Heritage Museum بھی کہتے ہیں۔
یہ میوزیم ایک پارک کے اندر واقع ہے۔ کھلے علاقے میں ایک تھیٹر اور لوک رہتل سے متعلق چیزیں رکھی ہوئی ہیں۔ ثقافتی اشیا سے متعلق کچھ دکانیں ہیں لیکن اصل میوزیم ایک بہت بڑی عمارت کے اندر واقع ہے۔ جس کے اندر مختلف کمروں میں پاکستان کے مختلف علاقوں کے بارے میں چیزیں رکھی ہوئی ہیں۔ اس عمارت کے اندر جانے کے لیۓ ٹکٹ لینا پڑتا ہے۔
لوک ورثہ میں میوزیم کی دیواروں کو پلستر اس انداز میں کیا گیا ہے کہ جیسے دیہاتی گھروں میں مٹی میں توڑی ملا کر کمروں اور دیواروں کی لپائی کی جاتی ہے۔ لوک ورثہ میں سمعی اور بصری لائبریری بھی ہے۔ جس میں پاکستان کے مختلف علاقوں کی آوازوں کو محفوظ کر لیا گیا ہے۔ ثقافت پر کتابیں اور موسیقی خریدی بھی جا سکتی ہے۔
لوک ورثہ میں ایک کتبے پر مندرجہ ذیل الفاظ درج ہیں:
یہ میوزیم پاکستان اور پاکستانی عوام کی قدیم اور زندہ روایات کا امین ہے۔ براعظم ایشیاء کے اہم راستوں کے سنگم پر واقع یہ میوزیم ثقافتی روابط، رہن سہن، لوک فنون اور علم الانسان کے حوالے سے پاکستان کی گونا گوں اجتماعی ثقافت کا آئینہ دار ہے۔ انسانی علوم سے متعلق تحقیقی و دستاویزی معلومات اور ثقافتی نوادرات کے اس میوزیم کی جڑیں قدیم ترین قومی ثقافت میں دور تک پھیلی ہوئی ہیں۔ اپنی طرز کا یہ میوزیم جدید دور میں علم الانسان اور قدیم روایات کے تسلسل اور ارتقاء کی معنی خیز مثال ہے۔ یہ میوزیم پاکستان کی تاریخی روایات کی ازسر نو دریافت اور جدید دور میں آثار اور تاریخ کے تسلسل کا عکاس ہے۔ اس میوزیم کے لیۓ نوادرات جمع کرنے کا سلسلہ 1974ء میں شروع کیا گیا تھا تاہم پاکستانی عوام کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیۓ اس کا باقاعدہ افتتاح 2004ء میں کیا گیا۔ یہ میوزیم معروف عوامی روایات، علم الانسان کے حوالے سے لوک فنون اور دستکاریوں کے نادر نمونوں کا مجموعہ ہے۔ ان نواددرات کو ہوبہواسی اس طرح پیش کیا گيا ہے جس صورت میں وہ ہمیں ورثے میں ملے تھے۔ یہ میوزیم پاکستان کی برپور ثقافت کی عملی تصویر پیش کرتا ہے۔ اس کے جملہ عناصر پاکستانی عوام کی ثقافت اور مشترکہ شعور کا مظہر ہیں۔