اندرا گاندھی

وکیپیڈیا سے

پیدائش : 1917ء

انتقال: 1984 ء


بھارتی سیاست دان ۔ پنڈت جواہر لال نہرو کی بیٹی۔ الہ آباد میں پیدا ہوئیں۔ سوئزرلینڈ ، سمر ویل کالج آکسفورڈ اور بعد میں وشوا بھارتی شانتی نکتین میں تعلیم حاصل کی۔ گیارہ برس کی عمر میں سیاست میں حصہ لینا شروع کیا۔ انگلستان میں قیام کے دوران میں اور بعد ازاں ہندوستان واپس آکر بھی طلبا کی تحریکوں میں سرگرم حصہ لیتی رہیں۔ تحریک آزادی میں حصہ لینے کی پاداش میں تیرہ ماہ کے لیے جیل بھیج دی گئیں۔ 1942ء میں‌ ایک پارسی نوجوان فیروز گاندھی سے شادی کی۔ اسی زمانے میں ہندوستان چھوڑ دو کی تحریک چلی۔ جس میں حصہ لینے پر وہ اوران کا خاوند قید ہوگئے۔ 1947ء میں آل انڈیا کانگرس ورکنگ کمیٹی کی ممبر منتخب ہوئیں۔ بعد میں کانگرس کے شعبہ خواتین کی صدر ، مرکزی انتخابی کمیٹی اور مرکز پارلیمانی بورڈ کی ممبر بنیں۔ فروری 1959ء میں انڈین نشنل کانگرس کی صدر چنی گئیں۔ 66۔1964ء میں وزیر اطلاعات و نشریات ہوئیں۔ 1966ء میں لال بہادر شاستری کے انتقال کے بعد وزیراعظم منتخب ہوئیں۔ 1967ء کے انتخابات میں کانگرس کی فتح کے بعد وزیراعظم بنیں۔ 1971 کے انتخابات کے بعد تیسری مرتبہ وزیراعظم چنی گئیں۔

مارچ 1977ء کے پارلیمانی انتخابات میں ان کی پارٹی کانگرس آئی نے جنتا پارٹی سے شکست کھائی۔ وہ خود بھی جنتا امیدوار راج نارائن سے ہار گئیں۔ 1978ء میں مہاراشٹر کے ایک حلقے کے ضمنی انتخاب میں لوک سبھا کی رکن چن لی گئیں۔ لیکن دسمبر 1978ء میں لوک سبھا نے ، دوران حکومت اختیارات کے ناجائز استعمال کے جرم میں ان کی رکنیت منسوخ کر دی گئی۔ اورقید کی سزا دی۔ تقریباً ایک ہفتے بعد رہا کر دی گئیں۔ جنوری 1980ء میں لوک سبھا کے عبوری انتخابات میں کانگرس آئی کی جیت ہوئی اور اندراگاندھی نے مرکز میں وزارت بنائی۔ سکھوں کے خلاف انھوں نے فوجی اپریشن کا آغاز کیا۔ اور گولڈن ٹمپل پر فوجی حملے کے بعد سکھوں میں ان کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچا۔ میں دو سکھ محافظوں نے گولی مار ان کو قتل کردیا۔ ان کے بیٹے راجیو گاندھی بعد میں ہندوستان کے وزیراعظم رہے۔ جبکہ ان کی بہو سونیا گاندھی ان دنوں انڈین نشنل کانگرس کی صدر ہیں۔