بطن حاد
وکیپیڈیا سے

- پیٹ کے درد پر عمومی مضمون کیلیۓ پیٹ درد دیکھیۓ۔
بطنِ حاد ، طب میں ایک نہایت تیزی سے نمودار ہونے والا درد بطن یا پیٹ کا درد ہوتا ہے جو کہ فوری طبی امداد ، کامل تشخیص اور موزوں ترین معالجہ کا طالب ہوتا ہے بصورت دیگر مریض کی کیفیت جان لیوا نوبت تک ابتر ہوسکتی ہے۔ اسکو انگریزی میں Acute abdomen کہا جاتا ہے اور طب میں اسے ایک طبی عاجلہ (medical emergency) کا درجہ دیا جاتا ہے۔
پیٹ میں درد کی ایسی کیفیت کہ جو اچانک نمودار ہوئی ہو ہمیشہ نہیں تو اکثر خاصی نازک صورتحال ہوتی ہے اور بعض اوقات اسکو جراحی کی فوری ضرورت ہوا کرتی ہے۔ اس قسم کے درد میں عموما دکھن (tenderness) ، اور سختی عضلات (muscular rigidity) کی علامات بھی ساتھ واقع ہوتی ہیں۔ اسکی نازک اور عاجل نوعیت کی وجہ سے اسے بطن جراحی (surgical abdomen) بھی کہا جاتا ہے۔
[ترمیم] پہنچ
پہنچ (approach) سے مراد طب میں ایک طبیب کی مریض یا باالفاظ دیگر اسکی علامات کی و اشارات کی تشخیص کی جانب بڑھنے کی اور درست معالجے کا فیصلہ کرنے کی ہوتی ہے۔ بطن حاد کے سلسلے میں تاریخ (یعنی مریض کا طبیب تک پہچنے سے پہلے تک حال) اور جسمانی امتحان (physical examinnation) نہایت کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور ایک طبیب ان دو طریقہ کار کے مہارت سے اطلاق کے بعد ہی ایک درست معالجہ مہیا کرنے کے قابل ہوسکتا ہے، بصورت دیگر ایک غیرمخصوص معالجہ (غلط معالجہ) نتیجے کے طور پر ظاہر ہوتا ہے اور اس قسم کے معملات کا ہونا بعید از قیاس نہیں۔
[ترمیم] تاریخ (مریض)
تاریخ ، طب میں مریض کی علامات و اشارات کا گذشتہ حال معلوم کرنے کو کہا جاتا ہے اور اسے طب میں ایک معراج فن کہا جاتا ہے جسکی وجہ سے معالجے کے اگلے مرحلے یعنی طبی امتحان اور پھر مناسب اختبارات کا انتخاب کرنے میں بہت مدد ملتی ہے۔ مثلا بطن حاد میں درد کا وقت آغاز ، نوعیت آغاز (تیز یا sharp ، کند یا dull اور قولنج یا colicky وغیرہ) ، الحاق درد یعنی درد سے قبل / دوران / بعد آنے والی علامات ، درد کو کم اور زیادہ کرنے والے عوامل اور جسم میں درد کا صحیح ترین مقام اور اسکی منتقلی کی سمت (اگر کوئی ہو) وغیرہ کے درست تجزیے سے خاصی صحت کے ساتھ درد کی مناسب تشخیص کیلیۓ پیشگوئی کی جاسکتی ہے۔
[ترمیم] طبی امتحان
تاریخ کے بعد دوسرا اہم مرحلہ (اگر مریض کی حالت مستحکم ہو) ، طبی امتحان (medical examination) کا آتا ہے جس میں ایک طبیب مریض کے جسم (بطور خاص تکلیف یا شکایت کے مقام کا) معائنہ کرتا ہے۔ ایک طبی امتحان کے چار مراحل ہوا کرتے ہیں۔
- معائنہ (Inspection) --- یعنی نظر سے معائنہ کرنا
- لمس (Palpation) --- یعنی چھو کر یا لمس سے معائنہ کرنا
- قرع (Percussion) --- یعنی انگلی سے ٹھونک کر یا ضرب لگا کر آواز سے تشخیص کرنا
- تسمع (Ascultation) --- یعنی آلہ بنام سماعہ (stethoscope) کی مدد سے اعضاء کی آوازیں سننا
زمرہ جات: امراض | اشارات | طبی عاجلات