پکاسو
وکیپیڈیا سے
Pablo Picasso
پیدائش: 1881ء
انتقال: 1973ء
دور جدید کا سب سے بڑا مصور ۔ تجریدی مصوری کا موجد ۔ شہر ملاگا ’’سپین‘‘ میں پیدا ہوا۔ جوانی بارسلونا میں بسر ہوئی۔ جہاں باپ اکیڈیمی آف آرٹس میں پروفیسر تھا۔ پکاسو اس اکیڈیمی میں 1896ء میں داخل ہوا اور اپنے والد سے مصوری کے ابتدائی اصول سیکھے۔ اگلے سال میڈرڈ چلاگیا۔ 1903ء میں پیرس گیا جہاں اس کے ’’نیلے دور‘‘ کی تصویروں کا آغاز ہوا۔ اس دور کو ’’نیلا‘‘ اس لیے کہتے ہیں کہ اس میں اس نے مایوس ، اداس اور بیمار کرداروں اور سرکس میں ناچنے والوں کی تصویریں خالص نیلے رنگوں میں بنائیں۔ اس کے بعد اس کا گلابی یا کلاسیکی دور آتا ہے۔ بعد ازاں اس نے مصوری کی تمام پرانی روایات سے قطع تعلق کر لیا ۔ دو سال افریقی حبشیوں کی قدیم مصوری اور سنگ تراشی کا گہرا مطالعہ کیا۔ پھر دو سال عظیم مصور سی زانے کے شاہکاروں کا عمیق مطالعہ کیا۔ ان دو سرچشموں سے فیض یاب ہونے کے بعد 1909ء میں اس کا کیوبزم کا دور شروع ہوا۔ 1920ء میں اس کے فن میں ایک اور تبدیلی آئی اور وہ کلاسیکی اسلوب میں حقیقت نگاری کے ساتھ تصویریں بنانے لگا۔ پھر اسے تجریدی مصوری سے دلچسپی پیدا ہو گئی۔ جنگ کے بعد پکاسو کو کوزہ گری سے دلچسپی ہوگئی اور اس نے ویلارس میں کوزہ گری کا بہت بڑا سٹوڈیو بنایا۔ وہ امن کا زبردست حامی تھا۔ اس کی بنائی ہوئی فاختہ عرصے تک امن پسندی کی علامت رہی۔