جزیرہ نمائے سینا
وکیپیڈیا سے
جزیرہ نمائے سینا مصر میں مثلث شکل کا ایک جزیرہ نما ہے جس کے شمال میں بحیرہ روم اور جنوب میں بحیرہ احمر ہے۔ یہ تقریبا 60 ہزار مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔
جزیرہ نما کی زمینی سرحدیں مغرب میں نہر سوئز اور شمال مغرب میں اسرائیل سے ملتی ہیں۔ جزیرہ نما سینا جغرافیائی طور پر جنوب مغربی ایشیا یعنی مشرق وسطی میں واقع ہے جبکہ بقیہ مصر شمالی افریقہ میں واقع ہے۔ سیاسی طور پر مصر کا حصہ ہونے کے باعث اسے افریقہ میں شمار کیا جاتا ہے۔
جزیرہ نما کا بیشتر حصہ پہاڑی ہے جس میں سب سے بلند پہاڑ جبل کاثرین (Mount Catherine) بھی شامل ہے۔ سینا میں کئی تفریحی و سیاحتی مقامات ہیں جن میں مصر کا معروف تفریحی ساحلی مقام شرم الشیخ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ سیاحوں کی بڑی تعداد جبل کاثرین پر قائم جبل کاثرین خانقاہ دیکھنے کے آتی ہے۔