خواب
وکیپیڈیا سے
Dream
نیند کی حالت میں انسان جو کچھ دیکھتا ہے۔ اسے خواب کہتے ہیں۔ خواب کے متعلق مختلف نظرییے ہیں۔ بعض لوگ خواب پر اعتقاد رکھتے ہیں اور بعض اسے نہیں مانتے ۔ ماہر نفسیات فرائڈ کے خیال میں خواب انسان کی تحت الشعوری خواہشات کا مظہر ہے۔ انسان میں جو جذبات پوشیدہ طور پر پرورش پاتے رہتے ہیں ، سوتے وقت غیر شعوری طور پر وہی خیالات خواب میں نظر آتے ہیں۔ لیکن ان نظریات کے باوجود بعض خواب ایسے بھی ہوتے ہیں جو ان حالات کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ اور انسان خواب میں ایسی باتیں دیکھتا ہے جو اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوتیں۔
گو خواب کی صحیح تشریح کرنا ممکن نہیں لیکن اس کی اہمیت کو بھی تسلیم کیے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ کہا جاتا ہے کہ موت اور نیند میں فرق یہ ہے کہ موت کی حالت میں روح کلیتہً جسم سے علیحدگی اختیار کر لیتی ہے۔ جبکہ نیند کی حالت میں روح اگر کبھی جسم کا ساتھ چھوڑتی ہے تو دماغ کے ساتھ اس کا رابطہ قائم رہتا ہے۔ اس عالم میں روح جہاں جاتی ہے اور جو کچھ کرتی ، دیکھی اور سنتی ہے۔ دماغ کو اس کی پوری اطلاع ملتی رہتی ہے۔ اس اطلاع کو خواب کہہ سکتے ہیں۔ خواب میں انسان بہت سی ایسی باتیں دیکھتا ہے جنھیں وہ جسمانی طور پر نہیں دیکھ سکتا۔ بعض دفعہ انسان پیش آنے والی باتوں کو خواب میں دیکھتا ہے۔ بعض خواب بڑے صاف اور عام فہم ہوتے ہیں اور بعض میں پیچیدگی ہوتی ہے۔ جس کی تعبیر عقل کے ذریعے کی جاتی ہے۔ بہرحال خواب ایک مابعدالطبعیاتی مسئلہ ہے جس کی باقاعدہ اور مثبت تشریح ممکن نہیں۔ نبیوں میں حضرت یوسف علیہ السلام کو صلاحیت عطا کی گئی تھی کہ خوابوں کی تعبیر بتایا کرتے تھے۔