مراد دوم
وکیپیڈیا سے
مراد دوم (پیدائش: جون 1404ء، انتقال 3 فروری1451ء) 1421ء سے 1451ء تک (1444ء سے 1446ء تک کا عرصہ چھوڑ کر) سلطنت عثمانیہ کے سلطان رہے۔
ان کا دور حکومت بلقان اور اناطولیہ میں زبردست جنگوں کا دور تھا جس میں انہوں نے شاندار فتوحات حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے والد محمد اول کی وفات پر محض 18 سالہ کی عمر میں تخت سنبھالا۔ ان کو سب سے پہلے بغاوتوں کا سامنا رہا تاہم وہ انہیں فرو کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 1421ء میں قسطنطنیہ کا محاصرہ کیا لیکن اپنے بھائی مصطفی کی جانب سے بروصہ پر حملے کی وجہ سے انہیں یہ محاصرہ اٹھانا پڑا اور انہوں نے بروصہ پہنچ کر مصطفی کو شکست دی اور اسے قتل کردیا۔ مصطفی کو بغاوت پر آمادہ کرنے والی اناطولیہ میں پھیلی ترک ریاستوں کو ان کے کئے کی سزا ملی اور مراد دوم نے سب کو شکست دے کر سلطنت میں شامل کرلیا۔
مراد نے 1428ء میں کرمانیوں کو شکست دی اور 1430ء میں دوسرے محاصرۂ سالونیکا کے بعد 1432ء میں وینس بھی دستبردار ہوگیا۔ اسی دہائی میں مراد نے بلقان میں وسیع علاقہ سلطنت میں شامل کیا اور 1439ء میں سربیا فتح کرلیا۔ 1441ء میں مقدس رومی سلطنت، پولینڈ اور البانیہ نے ان کے خلاف اتحاد قائم کرتے ہوئے صلیبی جنگ کا اعلان کردیا۔ 1444ء میں جنگ وارنا میں انہوں نے یوناس ہونیاڈے کو شکست دی لیکن جنگ جلاووز میں انہیں شکست ہوئی اور دونوں کے درمیان معاہدہ ہوگیا۔ اس معاہدے کے بعد مراد دوم اپنے صاحبزادے محمد دوم کے حق میں تخت سے دستبردار ہوگئے لیکن محمد کی نو عمری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عیسائیوں نے معاہدہ توڑ دیا جس پر 1446ء میں مراد نے دوبارہ مسند اقتدار سنبھالی اور دوسری جنگ کوسوو میں عیسائی اتحاد کو کچل کر رکھ دیا۔
بلقان میں عیسائیوں کو عظیم شکست دینے کے بعد انہوں نے مشرق کا رخ کیا اور امیر تیمور کے بیٹے شاہ رخ تیموری کو شکست دی اور کرمانی امارت کو اپنی قلمرو میں شامل کیا۔
1450ء کے موسم سرما میں وہ بیمار پڑگئے اور ادرنہ میں وفات پائی۔ محمد دوم (المعروف سلطان محمد فاتح) نے ان کی جگہ تخت سنبھالا۔
دورِ عروج (1299ء–1453ء) | عثمان اول - اورخان اول - مراد اول - بایزید اول - محمد اول - مراد دوم - محمد دوم |
---|---|
دورِ توسیع (1453ء–1683ء) | بایزید دوم - سلیم اول - سلیمان اول - سلیم دوم - مراد سوم - محمد سوم - احمد اول - مصطفی اول - عثمانی دوم - مراد چہارم - ابراہیم اول - محمد چہارم |
دورِ جمود (1683ء–1827ء) | سلیمان دوم - احمد دوم - مصطفی دوم - احمد سوم - محمود اول - عثمان سوم - مصطفی سوم - عبدالحامد اول - سلیم سوم - مصطفی چہارم - محمود دوم |
دورِ زوال (1828ء–1908ء) | عبدالمجید - عبدالعزیز - مراد پنجم - عبدالحامد ثانی - محمد پنجم |
خاتمہ (1908ء–1923ء) | محمد ششم |
یہ ابھی نامکمل مضمون ہے۔آپ اس میں ترمیم کرکے مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔